ریاض:سعودی عرب نے دنیا بھر میں عالمی وبا کی دوسری لہر پھیلنے کے خطرات کے پیش نظر مملکت میں بیرون ملک سے آنے والوں پر عائد پابندی میں ایک ہفتے کی مزید توسیع کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی نوعیت کی پروازوں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام مملکت کے شہریوں کی حفاظت کیلئے اٹھایا گیا ہے، یہ پابندیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک عالمی وبا کی کشیدگی میں کمی نہیں آجاتی۔
سعودی حکام کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص ایسے ملک سے واپس پہنچا جہاں وبائی مرض کا پھیلاؤ ہے تو اس پر اپنا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا۔
اس کے علاوہ ہر پانچ دن بعد ایسے شخص کا میڈیکل چیک اپ بھی ہوگا۔
اس ہدایت میں یورپ سمیت وبا سے متاثرہ دیگر ممالک سے سعودی عرب واپس آ نے والے افراد پر لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ خود کو 14 روز کیلئے خود کو گھروں میں قرنطینہ کریں۔