اسلام آباد: کشمیر پریمیئرلیگ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے درمیان ایم اویو پردستخط کر دیئے گئے۔
منگل کو مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کے دور ان دستخط کئے گئے،تقریب میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین کشمیر پریمیئرلیگ عارف ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پریمیئر لیگ کے حوالے سے 5جنوری کو میرپور، 6جنوری کو باغ، 7جنوری کو مظفرآباد میں ٹرائلز ہوں گے۔
ہزاروں کی تعداد میں نوجوان ٹرائلز میں حصہ لیں گے،کشمیر پریمیئرلیگ کے زریعے نوجوان کھلاڑی ڈومیسٹک ٹیم اور پھر پی ایس ایل میں بھی کھیلیں گے۔کشمیر پریمیر لیگ کے دوران بھی فنڈ ریزنگ کا کام کیا جائے گا۔
چیف ایگزیکٹو کشمیر پریمئر لیگ شہزاد اختر نے بتایاکہ شاہد آفریدی سے جڑنے کے بعد ہم اپنی کاز کو بہتر سے بہتر طریقے سے نبھارہا ہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرپریمیئر لیگ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے درمیان ایم او یو سائن ہونا خوش آئند ہے،بہت سی لیگز کا حصہ بنا ہوں تاہم کشمیر پریمیئرلیگ کیلئے بہت خواہش تھی کہ ہو،میری کوشش ہوگی کہ جتنا زیادہ ہوا میں کشمیر پریمئر لیگ کیلئے کرنے کی کوشش کروں گا۔
میرا دل کر رہا ہے کہ کشمیر پریمیئرلیگ کی ہر فرنچائز کے ساتھ کھیلوں،کشمیر پریمیر لیگ میں کھیلنے کی شرط میں نے رکھی ہے کہ کشمیر میں کرکٹ اکیڈمی بنے گی،کشمیر میں نہ صرف سپورٹس بلکہ صحت کے شعبے میں بھی کام کرنے کا پلان ہے،میری درخواست ہے سب سے کہ کشمیر پریمیر لیگ کو مکمل سپورٹ کریں۔
شاہد آفریدی نے کہاکہ آخری دفع جب آزاد کشمیر گیا تو ڈیڑھ کلومیٹر دور ظلم کی انتہا تھی،بھارت نے جموں کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے،دنیا میں کہیں بھی ناانصافی ہو رہی ہو تو وہاں ہمیں آواز اٹھانی چاہیے۔
مجھے کوئی فکر نہیں کہ پڑوسی ملک میں کام مجھے ملے گا یا نہیں،ایسا وقت ضرور آئیگا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ حکمرانوں پر ذمہ داری ہے کشمیریوں کے حق کے لیے دوبارہ اواز اٹھائیں،جب میں کرونا وائرس کے دنوں میں کام کر رہا تھا تو لوگ کہہ رہے تھے کہ یہ وزیراعظم بننا چاہتا ہے،مستحق لوگوں کو ان کا حق دلانا سیاست سے بڑا کام ہے،میں مستحق لوگوں کیلئے کام کرتا رہوں گا اور ہمیشہ وزیراعظم رہوں گا۔
انہوں نے کہاکہ پی سی بی کو کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ خود کو بھی گروم کرنے کی ضرورت ہے،ماضی میں میرے ساتھ،شعیب اختر اور عبدالرزاق کے ساتھ بھی محمد عامر جیسا معاملہ ہوا،میں کشمیر میں کرکٹ اکیڈمی ضرور بناؤں گا،کشمیر میں صحت کا بہت بڑا مسئلہ ہے اور میں کشمیر میں بھی صحت کے لیے کام کروں گا۔
انہوں نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ کشمیر پریمیئرلیگ کشمیر میں ہی ہونی چاہیے،اگر کشمیرپریمیئرلیگ ہورہی ہے تو کشمیر میں میچوں کا فائدہ ہوگا،اگر لائٹس نہیں بھی لگیں تو دن میں مظفرآباد میں میچ ہونے چاہئیں،صدر آزاد کشمیر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کو کشمیر پریمیئرلیگ کے لیے سامنے آنا ہوگا۔