پہلا ٹیسٹ،پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار، شکست کے بادل منڈلانے لگے

ترنگا: پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف مشکلات کا شکار ہوگئی ہے، 373 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ہیں جس کے باعث شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ماؤنٹ مونگانوئی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے 373 رنز کے جواب میں 71 رنز بنائے جبکہ اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔

 قومی ٹیم کی دوسری اننگز میں بھی اوپنرز نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اوپنر شان مسعود اور عابد علی صفر پر پویلین لوٹے جبکہ حارث سہیل صرف 9 رنز پر ہمت ہار گئے۔

چوتھے دن کھیل کے اختتام پر اظہر علی 34 اور فواد عالم 21 رنز کیسا تھ کریز پر موجود ہیں، پاکستان کو پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لئے مزید 302 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ٹم ساؤتھی نے دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈنے اپنی دوسری اننگز180رنز5کھلاڑی آؤٹ پرڈکلیئرکردی تھی۔

 

میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور اوپنرز کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی،پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 64اسکور ٹام بلینڈل نے بنائے جبکہ ٹام لتھام 53، کین ولیمسن 21، ہنری نکولس 11 اور واٹلنگ 5اسکوربنانے میں کامیاب ہوئے۔

گذشتہ روز نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 431 رنز اسکور کیے تھے جس کی جواب میں پاکستانی ٹیم نے 239 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی، پہلی اننگز میں بھی پاکستانی کی اوپننگ بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی تاہم مڈل آرڈر نے مجموعی اسکور کو بہتر کیا اور پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف فالو آن بچایا تھا۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے کیرئیر کی بیسٹ 91 رنز کی اننگز کھیلی اور کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان محمد رضوان بھی 71 رنز بناکر نمایاں رہے۔