ترنگا: نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 101رنز سے شکست دیکر 2ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔ جبکہ نیوزی لینڈ نے اس فتح کیساتھ آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔
میچ کے پانچویں روز فواد عالم نے اپنی سنچری کی بدولت پاکستان کو شکست سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ 102رنز پر ہمت ہار گئے۔ کین ولیمسن کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا
تفصیلات کے مطابق ماؤنٹ مونگانوئی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستانی ٹیم 373 رنز کے جواب میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
فواد عالم کی سنچری اور محمد رضوان کی مزاحمت بھی ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کروا سکی، فواد عالم نے 102 رنز اور کپتان محمد رضوان نے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 165 رنز کی یادگار شراکت قائم کی۔
پاکستانی ٹیل اینڈرز کیوی بولرز کے سامنے بے بس ہوگئے، نیوزی لینڈ نے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو ہراکر ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگیا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کی دوسری اننگز میں بھی اوپنرز نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اوپنر شان مسعود اور عابد علی صفر پر پویلین لوٹے جبکہ حارث سہیل صرف 9 رنز پر ہمت ہار گئے۔
فواد عالم اور محمد رضوان نے ٹیم کا شیرازہ بکھرنے سے سنبھالا لیکن دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی شاہین پھر مشکل کا شکار ہوئے اور بمشکل 271 رنز کے مجموعے تک پہنچ کر ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کیدرمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 180 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔
میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور اوپنرز کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 64 اسکور ٹام بلینڈل نے بنائے جبکہ ٹام لتھام 53، کین ولیمسن 21، ہنری نکولس 11 اور واٹلنگ 5اسکوربنانے میں کامیاب ہوئے۔