حکومت کا نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی  وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ16 فروری کو سابق وزیراعظم نوازشریف کا پاسپورٹ کینسل کردیں گے۔

 تمام ملکوں کے ویزے آن لائن کر یں گے،پیپلزپارٹی سینیٹ انتخابات میں حصہ لے گی تو ضمنی میں بھی لے گی، یہ سارے لوگ بے نقاب ہوں گے۔

 مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، یہ سب چور اپنی چوری بچانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔

بدھ کو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سارے منی لانڈرہی اقامہ لیتے تھے کیونکہ جب دال میں کچھ کالا ہوتا ہے تب ہی ایسا کرتے ہیں جبکہ 16 فروری 2021 کو میاں نواز شریف کا پاسپورٹ کینسل کر دیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ سارے چور اس لئے اکٹھے ہوئے ہیں کہ بینکوں سے ان کے پیسے نکلے ہیں اور جب سارے پیسے ایکسپوز ہوتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ ہمارے ساتھ انتقام ہو رہا ہے یہ سب چوری بچانے کیلئے ایک ہوتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں اور چوروں کیلئے بھی دروازے کھلے ہیں، جس نے مذاکرات کرنے ہیں پارلیمان  میں آئے اور جس نے مال پانی بنایا ہے وہ بڑے گیٹ میں جائے۔ 

اسلام آباد کیلئے ایگل سکواڈ لا رہے ہیں جو 200موٹر سائیکل پر مشتمل ہوگا، جلدہی ای سی سی سے پیسے لیکر منظور کیا جائے گا۔

 کرائم ساری دنیا میں بڑھ رہے ہیں لیکن اسلام آباد میں ناکہ ختم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں نہ لگیں اور خواتین کو بے عزت کرنے،پٹھانوں کو ٹارگٹ کر کے تلاش کرنے کا نظام ختم کرنا ہے،چند مخصوص لوگوں کیلئے ناکے رکھناضروری نہیں ہے۔