ماؤنٹ مانگا نوئی:فواد عالم نے ماؤنٹ مانگا نوئی ٹیسٹ میں جس انداز میں بیٹنگ کی، اس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
دوسری اننگز میں فواد عالم جب بیٹنگ کے لیے وکٹ پر آئے تو پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار تھی، انہوں نے پہلے اظہر علی کے ساتھ وکٹ پر کچھ وقت گزار اور پھر محمد رضوان کے ساتھ 165 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
فواد عالم نے 269 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور وہ 396 منٹس پر وکٹ پر موجود رہے۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز کی پرفارمنس کو جہاں پاکستان میں سراہا جا رہا ہے تو وہیں آئی سی سی اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی ان کی بیٹنگ کی تعریف کی جا رہی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے فواد عالم کی دو تصاویر شیئر کی گئیں اور 2009 کی جب فواد عالم نے اپنے ڈیبیو پر سنچری اسکور کی تھی اور دوسری نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کی جس میں انہوں نے 11 برس بعد سنچری بنائی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سوشل میڈیا پر فواد عالم کی تصاویر کے ساتھ ایک جملہ بھی لکھا گیا کہ کبھی ہار نہ مانی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی فواد عالم کی سنچری پر انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور کیوی بورڈ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ان کی 236 گیندوں اور 353 منٹس کی بیٹنگ میں بہت مہارت اور لگن شامل ہے۔
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دیکر ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔