شام میں دہشت گردوں کا فوجی قافلے پر حملہ،37 اہلکار ہلاک،13 زخمی

دمشق:شام اور عراق کی سرحد کے قریب فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 37 اہلکار ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق اور شام کی سرحد سے منسلک شامی صوبے دیر الزور میں دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بس میں سوار 37 اہلکار ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے

 ہلاک اہلکاروں میں 8 آفیسرز بھی شامل ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

شام میں انسانی حقوق کی تنظیم کے سربراہ عبدل رحمان کے مطابق فوجی قافلے میں 3 بسیں شامل تھیں تاہم 2 موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں۔

دہشت گردوں نے پہلے بم دھماکے کیے اور پھر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں بس میں سوار اہلکار نشانہ بنے۔