کراچی: نیوزی لینڈ سے دوسرے ٹیسٹ میں بھی بابر اعظم کی شرکت غیریقینی ہے۔
نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی بابر اعظم دوران پریکٹس دائیں ہاتھ کا انگوٹھا تڑوا بیٹھے تھے،
وہ مختصر طرز کے تینوں میچز اور پھر پہلے ٹیسٹ میں بھی حصہ نہیں لے سکے، پی سی بی نے گذشتہ دنوں بتایا تھا کہ بابر کی انجری میں بہتری آ گئی اور انھوں نے ہارڈ بال سے ناکنگ شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کپتان اب بھی سو فیصد فٹ نہیں ہو سکے ہیں، انگوٹھے میں تکلیف بدستور موجود ہے، انھوں نے اب تک نیٹ پر اسی لیے بیٹنگ نہیں کی،
ٹیم مینجمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل کوئی خطرہ مول نہ لیتے ہوئے بابراعظم کو مزید آرام کا موقع دینے پر غور کر رہی ہے۔
اگر ایسا ہوا تو وہ نیوزی لینڈ سے بغیر کوئی میچ کھیلے ہی واپس آئیں گے،یوں دوسرے ٹیسٹ میں بھی محمد رضوان کوہی قیادت کے فرائض نبھانا پڑیں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بابر جمعے اور ہفتے کو کرائسٹ چرچ میں نیٹ پریکٹس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اگر اس دوران کوئی تکلیف محسوس نہ ہوئی تو مینجمنٹ فیصلہ بدل بھی سکتی ہے۔
دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایا کہ پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق، بولنگ کوچ وقاریونس اور بیٹنگ کوچ یونس نے ٹیم کا حوصلہ بڑھایا
پلیئرزسمجھ رہے تھے کہ کوچز ناراضی کا اظہار کرینگے مگرانھوں نے فائٹنگ اسپرٹ کو سراہتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں کم بیک کی ہدایت دی