بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر، محمد رضوان قیادت کرینگے

قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر ہو گئے ہیں جس کے بعد محمد رضوان ہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں شروع ہو گا۔

دائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کے باعث بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کرائسٹ چرچ پہنچنے پر بابر اعظم نے گزشتہ روز مکمل نیٹ سیشن کیا تاہم نیٹ کے دوران انہوں نے اپنے ہاتھ کے انگوٹھے میں ہلکا درد محسوس کیا۔

دو جنوری کو کرائسٹ چرچ میں بارش کے باعث بابر اعظم قومی ٹیم کے نیٹ سیشن کے دوران بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکے۔

پی سی بی میڈیکل پینل اور ٹیم منیجمنٹ بابراعظم کی انجری سے صحتیابی پر مطمئن ضرور ہیں تاہم وہ کوئی بھی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔

ڈاکٹر قومی کرکٹ ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی انجری میں بہتری واضح ہے، انہوں نے مسلسل دو روز باقاعدہ نیٹ سیشنز میں حصہ لیا ہے۔

ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ بابر اعظم قومی ٹیم کے کپتان اور اہم ترین بیٹسمین ہیں لہٰذا ہم کوئی جلد بازی نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل ٹیم بابر اعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ہمیں مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میںمحمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، سرفراز احمد، عابد علی، اظہر علی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، ظفر گوہر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف ہیں