لکھنؤ: بھارتی ریاست اْتر پردیش میں شمشان گھاٹ کی چھت گرنے سے 23 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اْتر پردیش کے شہر مراد نگر میں بارش کے دوران متعدد افراد نے شمشان گھاٹ میں بنی چھت کے تلے پناہ لی تھی۔
بارش سے اس سائبان کی چھت گرگئی اور اس کے تلے موجود افراد دب گئے۔ ابتدائی طور پر 23 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 15 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد وہاں آخری رسوم کے لیے لائے گئے جے رام کے عزیز رشتے داروں کی بتائی جاتی ہے۔
ڈی سی میرٹھ کے مطابق جائے وقوعہ پر ملبے سے 38 افراد کو نکالا جاچکا ہے علاوہ ازیں واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
بھارتی صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریند مودی نے واقعے میں جان سے جانے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔