ٹرمپ نے ووٹ میں اضافے کیلئے الیکشن آفیسر کو کیا کہا؟کال وائرل ہوگئی

 واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارتی انتخاب میں مداخلت اور اپنے حق میں مزید 11 ہزار 780 ووٹس کی تلاش کے لیے انتخابی آفیسر کو کی گئی کال وائرل ہوگئی۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک آڈیو ریکارڈنگ جاری کی ہے جس میں امریکی صدر جارجیا کے الیکشن آفیسر پر اپنے حق میں ووٹس کے اضافے پر زور دے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ جارجیا میں انتخابی عملے کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو کال کرکے کہتے ہیں کہ فتح کے لیے انہیں 11 ہزار 780 ووٹس کی ضرورت ہے چنانچہ اتنی تعداد میں ووٹس کو تلاش کیا جائے۔جس پر انتخابی آفیسر جواب دیتے ہیں کہ جارجیا کے انتخابی نتائج درست ہیں جن میں تبدیلی ممکن نہیں۔

 خیال رہے کہ جارجیا سے ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نے کامیابی حاصل کی تھی۔

صدر ٹرمپ کی آڈیو کال وائرل ہونے پر حالیہ انتخابات میں منتخب ہونے والے صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے طاقت کا غلط استعمال کیا اور اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں موقف اختیار کیا کہ بریڈ ریفنسپرگر سے فلٹن کاونٹی میں ووٹنگ میں ہونے والی جعل سازی سے متعلق بات کی تاہم وہ مردہ لوگوں کے ووٹ ڈالنے، غلط بیلٹنگ اور خفیہ بیلٹ سے متعلق کوئی جواب نہیں دے پائے۔

صدر ٹرمپ کی اس دعوے پر بریڈ ریفنسپرگر نے اپنی جوابی ٹوئٹ میں کہا کہ قابلِ احترام صدر ٹرمپ آپ جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ درست نہیں۔ جلد حقائق سامنے آ جائیں گے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے آئے ہیں تاہم وہ شواہد پیش نہیں کرسکے۔

 امریکا میں تمام ریاستوں کے نتائج کے بعد ٹرمپ کی شکست کا اعلان کیا جا چکا ہے جبکہ نومنتخب صدر جوبائیڈن 20 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔