علی بابا کمپنی کے مالک ”جیک ما“ کہاں ہیں؟ 

بیجنگ: چینی کمپنی علی بابا کے مالک جیک ما گزشتہ دو ماہ سے منظر سے غائب ہیں، اس حوالے سے چینی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ چین کے اقتصادی نظام پر تنقید کے بعد سے علی بابا کے بانی جیک ما پراسرار طور پرغائب ہو گئے ہیں۔

 چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جیک ما نے گزشتہ سال اکتوبر میں ایک فنانشل ٹیکنالوجی کانفرنس میں حکومتی ریگولیٹرز اور ریاستی بینکوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس تقریر کے بعد سے جیک ما منظرعام سے غائب ہیں اور دو ماہ سے زائد عرصے سے وہ عوامی سطح پر نہیں دیکھے گئے ہیں۔ 

علی بابا کے بانی جیک ما اعلان کے باوجود اپنے ہی رئیلٹی ٹی وی شو میں بھی نظر نہیں آئے ہیں، جبکہ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اکتوبر کے بعد سے کوئی ٹوئٹ بھی نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چینی حکام نے دسمبر میں علی بابا کی اجارہ داری کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں۔

یاد رہے کہ جیک ما دنیا کی معروف ترین آن لائن ای کامرس کمپنیوں میں سے ایک چینی کمپنی علی بابا کے بانی اور مالک ہیں۔

 جیک ما کے اثاثوں کی مالیت 48.2 ارب ڈالر ہے۔ کورونا وبا کے دوران جیک ما نے پاکستان سمیت کئی ممالک کی مدد کی تھی اور حفاظتی سامان و آلات بھجوائے تھے۔

 جیک ما کی گمشدگی کے حوالے سے ابھی تک چینی حکام کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

 جیک ما کی گمشدگی پر چین کی بزنس انڈسٹری میں خاصی تشویش پائی جا رہی ہے۔

 حکومتی نظام اور بینکنگ سسٹم پر تنقید کرنے بعد سے غائب ہونے والے جیک ما کی گمشدگی کو چینی حکومت سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔