ڈبلیو ٹی اے ویمنز ٹینس سیزن کل سے ابوظہبی میں شروع ہوگا

ابوظہبی: ڈبلیو ٹی اے ابوظہبی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کل سے ابوظہبی میں شروع ہوگا۔ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

 ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز اور ڈبلز مقابلے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ شیخ زید سپورٹس سٹی انٹرنیشنل ٹینس سنٹر میں کھیلا جائے گا۔

خواتین کے ٹینس کی گورننگ نے کہا ہے کہ 2021 ڈبلیو ٹی اے سیزن بھی آج بدھ سے ہی متحدہ عرب امارات،ابوظہبی میں شروع ہوگا جو آؤٹ ڈور ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا۔

 ڈبلیو ٹی اے نے کہا کہ 2021کا پہلا گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ فروری میں منتقل ہوچکا ہے جبکہ خواتین کھلاڑیوں کا ڈبلیو ٹی اے سیزن آج سے شروع ہوگا جس کا فائدہ ویمنز کھلاڑیوں کو آئندہ سال کے پہلے گرینڈ سلام میں ہوگا۔ ڈبلیو ٹی اے سیزن کا آغاز ابوظہبی ڈبلیو ٹی اے ویمنز ٹینس اوپن سے ہوگاجس میں دنیائے ٹینس کی نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصو کے لئے ایکشن میں ہوں گی۔

 ابوظہبی ڈبلیو ٹی اے ویمنز ٹینس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 6 جنوری کو شروع ہوکر 13 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا جو ڈبلیو ٹی اے کا پہلا ایڈیشن ہوگا جبکہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 10سے 13 جنوری کو دبئی میں ہوگا۔ اس کے بعد کھلاڑی اور ان کا تعاون کرنے والا عملہ آسٹریلیاکا سفر کرے گا جہاں ان کو دو ہفتہ کی کووڈ۔ 19 کی مدت لازمی پورا ی کرنا ہوگی۔

آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ پہلے جنوری کے مہینے میں شروع ہوتا تھا جو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکا ہے اور اب نئے شیڈول کے مطابق 8سے 21 فروری تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

ڈبلیو ٹی اے کے چیئرمین اور سی ای او اسٹیو سائمن نے کہا کہ ابتدائی سیزن کے ایونٹس ایسے ماحول میں کھیلے جائیں گے جو کھلاڑیوں اور عملہ کی صحت اور حفاظت کے اعتبار سے محفوظ ہو۔