لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس کو نوکری پر کس نے رکھا، سمجھ سے بالاتر ہے، دونوں کو کوئی سکول میں بھی نوکری نہ دے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ وقار یونس کوچ کم اور کمنٹریٹر زیادہ ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن لاہور قلندرز نے پریس کانفرنس میں مصباح الحق اور وقار یونس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو تو کوئی سکول کی نوکری بھی نہ دے، کوئی بھی ٹیم لیول فور سے کم کسی کو کوچ نہیں رکھتی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق باؤلنگ کوچ عاقب جاوید نے نوجوان باؤلرز کی گیند پھینکنے کی رفتار کم ہوجانے کے سوال پر بھی وقار یونس کو قصور وار ٹھہرایا اور کہا وقار یونس کوچ کم کمنٹریٹر زیادہ ہیں، سیریز ختم ہوتے ہی وہ آسٹریلیا چلے جاتے ہیں، فاسٹ باؤلنگ کی کوچنگ ٹیکنیکل جاب ہے، باؤلر کا اسٹیمینا، ڈائٹ اور دیگر چیزوں کا دھیان رکھنا پڑتا ہے۔
عاقب جاوید نے سی ای او وسیم خان پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جو بندہ پاکستان میں نہیں رہتا، وہ چاہے جتنا بڑا نام بھی ہو کچھ نہیں کرسکتا، قومی ٹیم میں گذشتہ اڑھائی سالوں کے دوران متعدد تبدیلیاں کرنے پر بورڈ کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔