فرانس کے جنگی طیاروں کی مالی میں شادی کی تقریب پر بمباری، 20افراد ہلاک 

بماکو:افریقی ملک مالی میں شادی کی تقریب پر فرانس کے جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مالی کے دارالحکومت بماکو سے 600 کلومیٹر دور واقع گاوں پر فرانس کے جنگی طیاروں نے حملے کیے۔ حملے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں 20 ہلاکتیں ہوئیں۔

فرانسیسی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملہ انٹیلی جنس معلومات کی بنا پر جنگجوؤں کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں شہریوں کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانسیسی طیاروں نے ایک ایسے گھر کو نشانہ بنایا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ اسی طرح مالی کی حکومت نے بھی اس واقعے پر چپ سادھ رکھی ہے۔