لیجنڈری بھارتی اداکار امیتابھ بچن کے خلاف ایک شخص عدالت پہنچ گیا، اور میگا اسٹار کی آواز کورونا وائرس کالر ٹیون سے ہٹانے کی درخواست کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس درخواست میں امیتابھ کی آواز ہٹانے کے لیے ان کا اور ان کے اہلِ خانہ کا کورونا وائرس کا شکار ہونا بنیاد بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے لڑنے والے کتنے ہی لوگ ایسے ہیں جو فری میں اپنی خدمات دینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے اس درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا تھا، تاہم درخواست گزار کے ہی وکیل کی عدم دستیابی پر یہ سماعت ملتوی کردی گئی۔
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت نے عوام کو کوویڈ-19 سے متعلق احتیاطی تدابیر سمجھانے کے لیے امیتابھ بچن کا انتخاب کیا ہے جبکہ وہ خود اہلِ خانہ کے ہمراہ اس سے نہیں بچ سکے تھے۔
اس کا یہ بھی موقف تھا کہ کالر ٹیون میں آواز دینے کا امیتابھ بچن کو معاوضہ ادا کیا جارہا ہے۔
اس کا کہنا تھا کہ بھارت میں ایسے بھی لوگ موجود ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران لوگوں کی مدد کی جبکہ ان کی مالی معاونت میں بھی پیش پیش رہے، ایسے لوگوں کو اس کالر ٹیون کا حصہ بننا چاہیے۔
درخواست گزار نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ امیتابھ بچن کا سماجی کاموں کے اعتبار سے ماضی اچھا نہیں ہے، انھوں نے زیادہ کسی کی مدد نہیں کی ہے۔