ریاض: سعودی عرب نے مقامی کمپنیوں میں غیرملکی کارکنان کو بھرتی کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
سعودی گیزیٹ کی رپورٹ کے مطابق وزارت معاشیات نے سعودی عرب کی مقامی کمپنیوں میں غیرملکی ملازمین کو بھرتی کرنے اور انہیں واپس بلانے کی اجازت دینے کی سفارش کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت انصاف نے وزرا کی جانب سے جاری ہونے والے 1426 ہجری کے فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے دوسرے پیرا گراف کو ختم کردیا جس میں غیرملکی کارکنان کی بھرتیوں کے حوالے سے پابندی عائد کی گئی تھی۔
اس پیراگراف میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کی مقامی کمپنیاں کسی غیر ملکی کو عدالتی حکم کے بغیر کوئی اختیار نہیں دے سکتیں حتی کہ انہیں ملازمین بھرتی کی بھی اجازت نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزرا کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے میں کمپنیوں پر یہ پابندی عائد کی گئی تھی کہ وہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں۔
وزارت انصاف کے وزیر ڈاکٹر والد السمانی کا کہنا تھا کہ ’وزارت اقتصادیات کی جانب سے ہمیں سفارش موصول ہوئی تھی جس کی روشنی میں قانون میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔