کامران اکمل سینیئر کھلاڑیوں کو سائیڈ لائن کرنے پر شدید ناراض

قومی کرکٹر کامران اکمل نے پاکستان کپ میں سینٹرل پنجاب کا حصہ نہ بننے پرشدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق کرکٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ میری کارکردگی اور پرفارمنسز سب کے سامنے ہیں، میں ہر فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہا ہوں، میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ میں یہ کھیلوں گا اور یہ نہیں کھیلوں گا لیکن اس کے باجودمیرے ساتھ یہ سلوک حیران کن ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ میں نے پی سی بی کے ارباب اختیار کو آگا ہ کیا ہے،  اب معاملہ ان لوگوں نے دیکھنا ہے، پی سی بی کو سوچنا چاہیے کہ کیا میرے جیسے کھلاڑی کے ساتھ ایسا برتاؤ ہونا چاہیے، کوچ کو پوچھنا چاہیے کہ اس نے ایسا کیوں کیا۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ اگر پرفارمنس نہ ہو تو وہ الگ بات ہے، میری چار پانچ برس سے کارکردگی سب کے سامنے ہے جہاں تک نیشنل ٹیم کا تعلق ہے وہاں کھلانا نہ کھلانا ان کی مرضی ہے جن کے ہاتھ میں ان دنوں اختیارات ہیں لیکن اس سطح کی کرکٹ پر ایسا برتاؤ قابل قبول نہیں ہے، ہماری بھی عزت نفس ہے، سینٹرل پنجاب نے جس طرح کا برتاو کیا ہے وہ افسوسناک ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ ایک دم سائیڈ لائن کرنا بلکل بھی درست نہیں ہے اور سائیڈلائن اسے کیا جاتا ہے جو کھیل نہ رہا ہو، ابھی تو ہم کھیل رہے ہیں اور پرفارمنس بھی دے رہے ہیں، پھر ایسا برتاؤ اور نا انصافی سمجھ سے بالاتر ہیں۔

قومی کرکٹر کا مزید کہنا تھا  کہ اگر میں کھیلوں گا تو جونیئر کھلاڑی سیکھیں گے، اب وقت ہے کہ میں جونیئر کھلاڑیوں کو سکھاؤں، سلمان بٹ ، عمران فرحت اور عمر گل نے بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی تو جونیئرز نے ان سے سیکھا۔