سوشل میڈیا بلاگرز اور پیچز میری ماڈلنگ کی تصاویر شیئر کرنا بند کریں، انعم ملک

گزشتہ سال ہمیشہ کے لیے ماڈلنگ کی دُنیا سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کرنے والی پاکستان فیشن انڈسٹری کی سابقہ ماڈل انعم ملک نے سوشل میڈیا بلاگرز اور پیچز کو اُن کی ماڈلنگ کی تصویریں شیئر کرنے سے روک دیا۔

حال ہی میں ایک نامور انسٹاگرام پیچ کی جانب سے دو تصاویر پر مبنی ایک فوٹو کولاج شیئر کیا گیا جس میں ایک تصویر معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کی تھی جبکہ دوسری تصویر سابقہ ماڈل انعم ملک کی تھی۔

مذکورہ فوٹو کولاج میں آئمہ بیگ اور انعم ملک ایک ہی جیسے لباس میں ملبوس ہیں۔

انسٹاگرام پیچ کی جانب سے فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے صارفین سے پوچھا گیا کہ یہ لباس کس پر زیادہ اچھا لگ رہا ہے؟‘

ماڈلنگ سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کے باوجود بھی انعم ملک کی یوں سابقہ تصویر شیئر کرنے پر اُنہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اس ضمن میں انعم ملک نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں وہ فوٹو کولاج شیئر کیا اور کہا کہ ’میری تمام سوشل میڈیا بلاگرز اور پیچز سے گزارش ہے کہ براہِ مہربانی میری ماڈلنگ کی تصاویر شیئر مت کریں۔‘

انعم ملک نے کہا کہ ’الحمداللّہ! اب میں اس طرح کے مقابلوں کا حصہ بالکل نہیں ہوں جہاں دوسرے سے بہترین نظر آنے کی خواہش ہو۔‘

 سابقہ ماڈل نے مزید کہا کہ ’میرے لیے سیدھے راستے پر چلنے کے سوا کوئی مقابلہ نہیں بچا ہے۔‘

واضح رہے کہ انعم ملک نے گزشتہ سال ہمیشہ کے لیے ماڈلنگ کی دُنیا سے کنارہ کشی اختیار کی ہے اور اپنی زندگی دین اسلام کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔