نئی دہلی:بھارتی فوج نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول(ایل اے سی)پار کرنے والے چینی فوجی کوحراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب چینی فوج کے ترجمان اخبار نے اپنے ایک اہلکار کی گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق گذشتہ سال جون میں لداخ کی وادی گلوان میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 فوجی مارے جانے کے بعد سے بھارت کی جانب سے کسی چینی فوجی کو حراست میں لیے جانیکا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
بھارتی فوج کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے ایک اہلکار کو گذشتہ روز بھارتی علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب چینی فوج کے ترجمان اخبار نے اپنے ایک اہلکار کی گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس حوالے سے آگاہ کردیا۔
اخبار نے بھارت پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر عمل کرتے ہوئے گمشدہ فوجی کو چین کے حوالے کرے تاکہ بارڈر پر موجود تنا ؤمیں کمی آئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ اکتوبر میں مشرقی لداخ کے ڈیم چوک سیکٹر میں بھی ایک چینی فوجی غلطی سے سرحد پار کرکے بھارتی علاقے میں چلا گیا تھا جسے بھارتی فوج نے حراست میں لے کر اگلے روز چین کے حوالے کردیا تھا۔