لاہور: پی ایس ایل ڈرافٹنگ تقریب کے فوری بعد گھر جاتے ہوئے قومی کرکٹر شعیب ملک کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کو ساتھی کھلاڑی وہاب ریاض کے ساتھ ریس لگانامہنگا پڑ گیا اور شعیب ملک کی گاڑی فٹ پاتھ پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے وہاں پر موجود دوسری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جس پر مالکان کا کہنا ہے کہ شعیب ملک اپنی غلطی تسلیم کریں ورنہ قانونی کاروائی کریں گے۔
قومی کرکٹر شعیب ملک کی گاڑی کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب ممتازآل راؤنڈر پاکستان سپر لیگ کے چھٹے آڈیشن کے ڈرافٹ کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی سےاپنی اسپورٹس کار میں باہر نکلےلیکن ساتھی کھلاڑی وہاب ریاض کی گاڑی کو تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرتے ہوئے قابو نہ پا سکے اور ان کی گاڑی پر فٹ پاتھ پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجہ میں شعیب ملک کی گاڑی کے ساتھ وہاں پر موجود دیگر اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شعیب ملک اکیڈمی سے تیز رفتاری سے باہر نکلے لیکن گاڑی کی رفتار پر قابو نہ پا سکے،گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ شعیب ملک اپنی غلطی کی معافی مانگے ورنہ قانونی کاروائی کریں گے۔
عینی شاہدین کے مطابق شعیب ملک اکیلے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہے تھے تاہم شعیب ملک حادثہ میں محفوظ رہے اور وہ فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کے ساتھ دوسری گاڑی میں روانہ ہو گئے۔