اسلام آباد: ترک ڈراما سیریل ’ارطغرل غازی‘ میں سلطنت عثمانیہ کے کمانڈر عبدالرحمان کا کردارادا کرنے والے اداکار جلال آل نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
جلال آل ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں اور وہ پاکستان کی مہمان نوازی اور پاکستانیوں کی محبت سے اتنے زیادہ متاثر ہوئے کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر مختلف اسٹوریز کے ذریعے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
جلال آل نے اسلام آباد کے دورے کے دوران مختلف جگہوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے شکرپڑیاں میں پاکستانی یادگار کا دورہ کیا اور انسٹاگرام اسٹوری پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی تصویر کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں عظیم لیڈر، وفادار، سچا مسلمان، ترکی کا دوست اور اپنا ہیرو قرار دیا۔
جلال آل نے مزید لکھا کہ وہ بانی پاکستان سے بے حد متاثر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے جنت میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی دعا کی۔
اس کے علاوہ ترک اداکار نے شاعر مشرق علامہ اقبال اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ تصاویر بھی اسٹوری پر شیئرکیں۔