امریکی حکومت نے جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری پرامن طریقے سے سرانجام دینے کیلئے 24 جنوری تک واشنگٹن میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
گزشتہ ہفتے ٹرمپ کے حامیوں کے پرتشدد احتجاج کے دوران ہجوم امریکی پارلیمنٹ کے دروازے اور کھڑکیاں توڑ کر اندر داخل ہوگیا اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت دیگر قانون سازوں کے دفاتر سے لیپ ٹاپ سمیت قیمتی سامان بھی چوری کیا۔ پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکا کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی نے جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری سے قبل مزید پرتشدد اور مسلح احتجاجی مظاہروں کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور ملک بھر میں پولیس سمیت پیرا ملٹری اداروں کو الرٹ جاری کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اگلے ہفتے جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری اور انتخابی مراحل کی پرامن تکمیل کیلئے 24 جنوری تک واشنگٹن میں ہنگامی حالت نافذ کی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارہ اے ایف پی کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس نے پیر کی شام وہائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ملاقات کی۔ دونوں رہ نماؤں نے پرتشدد مظاہرے کے بعد سے ملاقات نہیں کی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں میں مثبت گفتگو ہوئی۔
عہدیدار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جن لوگوں نے قانون کی خلاف ورزی کی اور دارالحکومت میں گذشتہ ہفتے توڑ پھوڑ کیا وہ ٹرمپ کی تحریک کے نمائندے نہیں۔ ٹرمپپ اقتدار کے آخری دن تک ملک کے لیے کام جاری رکھیں گے۔