کورونا بے قابو، لبنانی فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا، کرفیو نافذ

بیروت : لبنانی فوج نے کورونا وائرس کی جان لیوا وبا کے پیش نظر ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا، فوج کی اعلیٰ کونسل نے صدر کی خصوصی اجازت سے اقدامات اٹھائے۔


تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے بے قابو ہونے کے بعد لبنانی فوج نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پورے ملک کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

لبنانی نیوز ایجنسی کے مطابق مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں جمعرات 14 جنوری، صبح 6 بجے سے پیر 25 جنوری تک مکمل کرفیو ہوگا۔

لبنانی فوج نے کہا ہے کہ تمام اسپتالوں پر لازم ہے کہ وہ کورونا کے مریضوں کا علاج کریں، ان اسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جہاں پر کورونا وائرس میں مبتلا مریض کو داخلہ نہیں ملے گا۔

اس کے علاوہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں میں پروازوں کی شرح کم کرکے 20 فیصد کردی جائے گی، ملک میں آنے والے غیر ملکی مسافر ہوٹل میں7 دن تک خود کو محدود رکھیں گے جبکہ شہری اپنے گھروں میں خود کو قرنطینہ کریں گے۔

مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں تمام پبلک مقامات بند اور ہر طرح کی تقریبات اور میل جول کے علاوہ تجارتی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں گی، تمام شہریوں کو چاہئے کہ وہ کرفیو کی مکمل پابندی کریں، انتہائی ناگزیر حالات کے علاوہ گھر سے باہر نہ نکلیں۔

لبنانی فوج نے کہا ہے کہ کرفیو سے صرف ان افراد اور اداروں کو استثنی حاصل ہوگا جنہیں متعلقہ سرکاری اداروں سے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا گیا ہوگا۔

قبل ازیں لبنان کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ کابینہ کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے لبنان کے صدر نے ملک کا کنٹرول فوج کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے۔

فوج کی اعلیٰ کونسل نے ہنگامی بنیادوں پر اجتماع منعقد کیا جس میں ملک کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔