کولمبو: سری لنکا میں ججوں کو کرپٹ کہنے پر سابق نائب وزیر کو 4 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے ایک جارح مزاج اپوزیشن رہنما اور سابق وزیر رنجن رمانائیکے نے ججوں سے متعلق بیان میں الزام لگایا تھا کہ جنوبی ایشیائی جزیرے کے بیشتر جج کرپٹ ہیں۔
سری لنکا کی سپریم کورٹ نے ججوں سے متعلق ریمارکس پر رنجن کو 4 سال قید بامشقت کی سزائی سنائی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کے نائب وزیر کو 2019 میں ووٹنگ کے عمل سے باہر کیا گیا تھا جس پر انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کرپشن کے خلاف بات کرنے پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔
57 سالہ رنجن رمانائیکے نے 2017 میں وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ججوں سے متعلق ریمارکس دیے تھے جس پر سپریم کورٹ نے انہیں توہین عدالت کے جرم میں سزا سنائی ہے۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق ملزم نے کہا تھا کہ سری لنکا میں ججوں کی بڑی اکثریت کرپٹ ہے اور وہ پیسوں کے لیے کام کرتے ہیں جب کہ شواہد کی بنا پر ملزم نے اعتراف بھی کیا ہے۔
رنجن رمانائیکے سری لنکا کے سابق صدر میتھری پالا سری سینا کے دور حکومت میں نائب وزیر تھے اور انہوں نے اینٹی کرپشن کے حکام سے میٹنگ کے بعد ججوں پر الزام عائد کیا تھا۔
رنجن کو حکومت تبدیل ہونے پر انہیں ایک لاکھ سے زائد افراد کی فون کال ریکارڈنگ کے جرم میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔