نیوزی لینڈ کی خاتون کرکٹر نے36گیندوں پر سنچری جڑ دی

آکلینڈ: نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان صوفی ڈیوائن نے ٹی ٹوینٹی میں نئی تاریخ رقم کردی۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی کپتان صوفی ڈیوائن نے ویمن ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا، انہوں نے نیوزی لینڈ کے سپر سمیش مقابلے میں 36 گیندوں پر سنچری بنائی۔

صوفی ڈیوائن کی 108 رنز کی اننگز میں 9 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے جبکہ کیوی کپتان نے 38 گیندوں پر 108 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔

ڈومیسٹک میچ میں ویلنگٹن نے 129 رنز کا ٹارگٹ 8.4 اوورز میں 15.59 کے اسٹرائیک ریٹ سے حاصل کیا، ویلنگٹن کی ٹیم نے اوٹاگو کو ٹی ٹوینٹی میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی۔

صوفی نے چھکا لگایا تو گیند باؤنڈری لائن کے باہر بیٹھی بچی کو لگ گئی میچ کے بعد صوفی نے بچی سے معذرت کی اور اپنی کیپ پیش کرکے اس کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔

واضح رہے کہ صوفی ڈیوائن نے 11 برس بعد ویسٹ انڈیز کی ڈیانڈر اڈوٹن کا 38 گیندوں کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑا ہے۔