جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 سال کے طویل وقفے کے بعد باہمی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
مہمان کرکٹ ٹیم چارٹرڈ طیارے سے کراچی پہنچی، ٹیم کی قیادت کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں جب کہ ٹیم کے ہمراہ جنوبی افریقا کے آفیشلز بھی کراچی پہنچے ہیں۔
مہمان ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی لیکن سیریز سے قبل مہمان کھلاڑیوں کاکورونا ٹیسٹ ہوگا اور نتیجہ آنے تک وہ قرنطینہ کریں گے۔
کورونا ٹیسٹ کلیئر کرنے والےکرکٹرز اتوار سے کراچی میں ٹریننگ کرسکیں گے، پہلے ٹیسٹ سے قبل دونوں ٹیموں کی ایک بار پھر کورونا ٹیسٹنگ ہوگی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ کراچی میں 26 جنوری سے ہوگا جس کے لیے پاکستان کی ابتدائی 20 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں 8 نئے کھلاڑی شامل ہیں۔
دورہ پاکستان کے دوران جنوبی افریقا کی ٹیم کو سرکاری مہمان کے مساوی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے، آخری مرتبہ جنوبی افریقا 2007 میں پاکستان آئی تھی تاہم دونوں ملکوں کے درمیان باہمی سیریز ہوتی رہی ہیں اور اس سے پہلے پاکستان نے جنوبی افریقہ کے ٹیم کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں بھی کی ہے۔