کابل:افغانستان کے مختلف صوبوں میں طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں افغان پولیس کے 25 اہلکار ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ہرات میں افغان پولیس کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے قندوز میں 2 سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملوں کے نتیجے میں 10 سکیورٹی اہلکار مارے گئے‘ اسی طرح کابل یونیورسٹی کے قریب پولیس وین کو بم سے نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اہلکار جان سے گئے افغان طالبان کے ڈرون حملے میں افغان فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو نقصان بھی پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات میں طالبان کے ہمدرد پولیس اہلکاروں نے اپنے ساتھی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 اہلکار ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہرات کے ضلع غوریان کی پولیس چیک پوسٹ پر پولیس اہلکار کھانا کھانے بیٹھے تھے کہ ان میں سے 3 اہلکاروں نے پہلے دستی بم پھینکے اور پھر اپنے ساتھی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
حملہ اتنا اچانک اور غیر متوقع تھا کہ پولیس اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا اور 13 اہلکار فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ حملہ کرنے والے بھی پولیس اہلکار ہی تھے جو کارروائی کے بعد اسلحہ اور گاڑیاں بھی ساتھ لے گئے۔
ہرات پولیس کے ترجمان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے تینوں اہلکار کارروائی کے بعد مقامی طالبان سے جا ملے۔ ممکنہ طور پر تینوں حملہ آور طالبان جنگجو تھے جنہوں نے اس کارروائی کے لیے ہی پولیس فورس جوائن کی تھی۔
ایک اور کاروائی میں افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں طالبان کے جنگجوؤں کے دو پولیس چیک پوسٹوں پر حملوں میں 10افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طالبان کے جنگجوؤں نے قندوز میں دونوں پولیس چیک پوسٹوں پر ایک ساتھ حملہ کیا۔
قندوز کے گورنر عبدالستار مرزاکوال نے بتایا کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں 9 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ 10 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
افغان آرمی کے ترجمان عبدالہادی نظری نے کہا کہ قندوز شہر میں ایک اور حملے میں طالبان نے افغان ملٹری بیس بم گرانے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا،ایک افغان ذرائع نے شناخت سامنے نہ لانے کی شرط پر بتایا کہ بم کے دھماکے سے ملٹری ہیلی کاپٹر کو نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ سرکاری فورسز پر بم کے ذریعے حالیہ حملوں میں طالبان چھوٹے ڈرونز استعمال کر رہے ہیں۔دریں اثناء افغان میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں یونیورسٹی روڈ پر نصب بارودی مواد کے دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
دھماکے میں پولیس فورس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔دوسری جانب افغانستان کے شہر پل خمری میں سڑک کنارے بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔