برسبین:آسٹریلیا کی ٹیم بھارت کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 369رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت نے جواب میں دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 62رنز بنالئے اور اس کو کینگروز اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 307رنز کی ضرورت تھی جبکہ اسکی 8وکٹیں ابھی باقی تھیں۔
آسٹریلیا کی طرف سے مارنس لبوشین 108، ٹم پین 50، کیمرون گرین 47اور میتھیو ویڈ 45اور سٹیون سمتھ 36رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
بھارت کی طر سے ناتاراجن، شیر دل ٹھاکر اور واشنگٹن سندر نے تین، تین جبکہ محمد سراج نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کھیل کا زیادہ تر حصہ بارش سے متاثر ہوا اور میچ کے دوسرے روز صرف 54اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔
ہفتہ کو گابا سٹیڈیم برسبین میں آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 274رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کی تو کیمرون گرین 28اور کپتان ٹم پین 38رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
کپتان ٹم پین اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد شیردل ٹھاکر کی گیند پر روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، کیمرون گرین 47رنز بناکر سندر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
ان کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر ٹک نہ سکا۔ پیٹ کمنز 2، نیتھن لیون 24 اور جوش ہیزلیووڈ آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو11رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
مچل سٹارک 20رنز کے ساتھ نا ٹ آؤٹ تھے۔ آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 369رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں بھارتی ٹیم کی طرف سے روہت شرما اور شبھمان گل نے اننگز کا آغاز کیاجو کچھ خاص نہ تھا۔
بارش کے باعث بھارتی ٹیم صرف 26اوورز کھیل سکی۔ بارش کے باعث جب کھیل ختم کیا گیا تو بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 62رنز بنالیے تھے اور اس کو میزبان ٹیم کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 307رنز کی ضرورت تھی۔
چیتشوار پجارا 8اور بھارتی کپتان اجنکیا رہانے 2رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کی طرف سے پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔