مفتی انس مجھے ہمیشہ بہترین راستہ دِکھانے کیلئے آپ کا شکریہ: ثناء خان

گزشتہ سال شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان کہتی ہیں کہ وہ اپنے شوہر کی ہر لمحہ شُکرگزار رہتی ہیں جو اُنہیں ہمیشہ نیکی کے راستے کی طرف لیکر جاتے ہیں۔

مفتی انس سے شادی کے بعد سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والی ثناء خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کچھ نئی تصویریں شیئر کی ہیں۔

مذکورہ تصویروں میں ثناء خان نے خوبصورت عبایا زیب تن کیا ہوا ہے اور وہ ہمیشہ کی طرح دلکش نظر آرہی ہیں۔

ثناء خان نے اپنی اس پوسٹ کو ایک معنی خیز کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’اگر لوگ ہمارے نیک اور اچھے کاموں پر توجہ نہیں دیتے ہیں تو ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔‘

سابقہ بالی ووڈ اداکارہ نے لکھا کہ ’ہمارے لیے جو سب سے اہم بات ہے وہ یہ ہے کہ اللّہ تعالیٰ ہمارے کاموں کو دیکھ رہا ہے اور وہی ہے جو ہمیں ان کا اجر بھی دے گا۔‘

اس کے بعد ثناء خان نے اپنے شوہر مفتی انس سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’چاہے جیسے بھی حالات ہوں آپ نے مجھے ہمیشہ بہتری کا راستہ دِکھایا اور اس کے لیے میں آپ کا بےحد شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔‘

شادی کے بعد ثناء خان کی مقبولیت میں بےحد اضافہ ہوگیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ چند ہی گھنٹوں میں اُن کی اس پوسٹ دو لاکھ 90 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں۔

خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ سال بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔

بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر ثناء خان کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔