لاہور:پاک فوج کے شہید لانس نائیک کا بیٹا قومی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب ہوگیا۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ آف سپنر ساجد خان جو قائد اعظم ٹرافی کے 11 میچز میں 67 آؤٹ کرکے 20 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں آئے، پاکستان آرمی کے شہید لانس نائیک غلام نبی کے بیٹے ہیں جنہوں نے 2003 ء میں شہادت پائی تھی۔
ساجد خان بڑی مونچھیں والد کی یاد میں رکھے ہوئے ہیں اور لیجنڈری آف سپنر ثقلین مشتاق اور محمد حفیظ ان کے آئیڈیل ہیں۔
ایک انٹرویو میں ساجد خان نے کہا کہ ڈومیسٹک کی ٹاپ پرفارمنس پر ٹیسٹ سکواڈ میں منتخب ہوا ہوں۔
نئے ڈومیسٹک سٹرکچر سے کافی مدد ملی، پاکستان ٹیم کو جوائن کروں گا اور کافی کچھ سیکھنے کو ملے گا، سرکاری سکول میں 7ویں جماعت میں کرکٹ شروع کی۔
انہوں نے کہاکہ جونیئر لیول سے یہی سوچ تھی کہ آف سپن میں نام بناں، ورائٹی کے بغیر بھی اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں، بہت سے انٹرنیشنل سپنرز آف سپن پر کام کررہے ہیں۔
ساجد خان نے کہا کہ ان کے رول ماڈلز میں محمد حفیظ سب سے پہلے ہیں، ثقلین مشتاق کی ویڈیوز دیکھتا رہتا ہوں۔
میدان میں جنوبی افریقی بیٹسمینوں کی کمزوری پکڑوں گا، میں نے اپنے والد کو دیکھ کر مونچھیں رکھی ہیں۔
20 کھلاڑیوں میں شامل ہونا بڑا اعزاز ہے، پوری کوشش کرکے اچھا پرفارم کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں چاہے مستقبل میں نہ بھی کھیلوں۔