کراچی:جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شرکت کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ کراچی پہنچ گیا۔
قومی سکواڈ کی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور سے کراچی روانگی کی وجہ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور دیگر عملے سمیت سکواڈ کے ارکان کے اہلخانہ کو بحفاظت بائیو سیکیور ببل میں داخل کرنا ہے۔
ان تمام ارکان کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 13 اورپھر 16 جنوری کو ان کے اپنے شہروں میں ہوئی۔ تمام کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
قومی سکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کراچی میں ہوئی۔پچاس افراد پر مشتمل چارٹرڈ فلائٹ میں کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے علاوہ سکواڈ میں شامل ارکان کے اہلخانہ، امپائرز، ڈاکٹر اور دیگر ضروری عملہ کراچی پہنچے۔
کراچی میں موجود کھلاڑی، سپورٹ سٹاف اور ان کے اہلخانہ اپنے گھروں سے منگل کو ٹیم ہوٹل پہنچے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم پہلے ہی کراچی کے ٹیم ہوٹل میں موجود ہے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے دو کوچز، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بھی اسی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے کراچی پہنچے۔
گرانٹ بریڈ برن پہلے ہی کراچی میں موجود ہیں، یہ تینوں کوچز کراچی میں پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی ٹریننگ کا جائزہ بھی لیں گے۔
ان تینوں کوچز کو تین فروری سے لاہور میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کے ٹریننگ کیمپ کی نگرانی کرنی ہے کیونکہ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا سپورٹ سٹاف4 فروری راولپنڈی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں میں مصروف ہوگا۔
لاہور پہنچتے ہی قومی کرکٹ ٹیم کا سپورٹ سٹاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردے گا۔
پاکستان‘ جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 11 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔