بغداد:عراق کے دارالحکومت بغداد کے وسطی علاقے الطیران اسکوائر پر ایک عوامی بازار میں دہرے خود کش بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 35افرادجاں بحق اور73زخمی ہوگئے۔
بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
دھماکوں کے بعد عراقی دارالحکومت میں مزید سیکورٹی دستوں کو تعینات کر دیا گیا اور گرین زون آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی۔
عرب ٹی وی کے مطابق عراق کے دارلحکومت بغداد کے وسطی علاقے الطیران اسکوائر پر ایک عوامی بازار میں دہرے خود کش بم دھماکے ہوئے۔ دھماکے ایسے وقت میں ہوئے جب غالبا ًعلاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ عراقی دارالحکومت میں ایک ہفتے سے سخت حفاظتی انتظامات اور سیکورٹی الرٹ دیکھی جا رہی ہے۔
بعد ازاں عراقی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے ترجمان میجر جنرل یحییٰ رسول عبداللہ نے بتایا کہ بغداد کے علاقے الباب الشرقی میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے تعاقب کے دوران دو خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ترجمان کے مطابق دھماکوں میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکوں میں کم از کم 35 افراد جاں بحق اور 73 زخمی ہو گئے۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
دھماکوں کے بعد عراقی دارالحکومت میں مزید سیکورٹی دستوں کو تعینات کر دیا گیا اور گرین زون آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی۔
یاد رہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جنوری کے آغاز پر ایک سیکورٹی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد دارالحکومت بغداد میں غیر قانونی ہتھیاروں کو ضبط کرنا ہے۔