تامل ناڈو: بھارت کے جنوبی علاقے کے نجی ریزوٹ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ہاتھی کو زندہ جلا دیا گیا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے جنوبی علاقے میں واقع ریاست تامل ناڈو کے ضلع نلگیریس میں قائم نجی ریزوٹ میں ہاتھی نے داخل ہونے کی کوشش کی تو وہاں پر موجود 2 افراد نے اُسے بھگانے کے لیے آگ کا سہارا لیا۔
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک خوفزدہ ہاتھی کو گلی کے درمیان میں کھڑا دیکھا جاسکتا ہے جبکہ تکلیف سے چیخ رہا تھا۔
متعلقہ حکام نے انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا جنہوں نے بتایا کہ ہاتھی نے جب ریزوٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انہوں نے اسے بھگایا، وہ جب نہ بھاگا تو اُس کی طرف آگ جلتا ہوا کپڑا پھینک دیا۔
وہاں موجود افراد نے کپڑا اس طرح پھینکا کہ وہ ہاتھی کے جسم میں پھنس گیا تھا، جس کے بعد وہ چیختا ہوا جنگل کی طرف بھاگا اور بری طرح سے جھلس گیا تھا۔
پولیس حکام نے اس واقعے کو ہاتھی پر حملہ قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور دو ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے۔
اس ویڈیو کو قریب میں موجود ایک گھر کی بالکونی سے ریکارڈ کیا گیا جس میں ہاتھی کے جسم میں لگی آگ اور اُس کو جنگل کی طرف جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو کے پس منظر میں لوگوں کی چیخ و پکار کی آوازیں بھی آرہی ہیں مگر ابھی اُن کے بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا کہ یہ لوگ حملہ آور تھے یا ہاتھی کو جلتا دیکھ کر چیخ رہے تھے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے حکام کے مطابق ہاتھی بری طرح سے جھلس گیا ہے جس کی وجہ سے اُس کو گہرے زخم آئے تھے، وہ چند گھنٹے بعد ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔