بیجنگ: چین نے پاکستان کو کورونا ویکسین کا ایک بیچ مفت فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک طویل عرصے سے وبا پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونئنگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ چینی حکومت نے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے لیے کوویڈ 19 ویکسین کی ایک کھیپ بطور تحفہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہوا جونئنگ نے مزید بتایا کہ پاکستان کو کورونا ویکسین برآمد کرنے کے لیے تیز رفتار منصوبہ تیار کر رہے ہیں تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ویکسین کی کتنی مقدار بھیجی جائے گی اور وہ ویکسین کون سی ہوگی۔
گزشتہ روز پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اسی حوالے سے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ چین نے 31 جنوری تک پاکستان کو کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں بطور تحفہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔