پاکستانی نژاد صائمہ محسن امریکہ میں پہلی مسلم وفاقی پراسیکیوٹر مقرر  

 واشنگٹن: پاکستانی نژاد صائمہ محسن کو ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں فیڈرل پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے، وہ پہلی امریکن مسلم خاتون ہیں جو اگلے ماہ یہ منصب سنبھالیں گی۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق 52 سالہ صائمہ محسن قائم مقام یوایس اٹارنی برائے ایسٹرن ڈسٹرکٹ کا منصب موجودہ عہدے دار میتھیو شنائیڈر کی مدت ختم ہونے پر 2 فروری کوسنبھالیں گی۔

 میتھیو نے ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت چھوڑتے ہی استعفیٰ دے دیا تھا، وہ یکم فروری کو باضابطہ طور پر ریٹائر ہو جائیں گے جس کے بعد اٹارنی کی نشست صائمہ محسن سنبھالیں گی۔ وہ 2002 سے اٹارنی آفس میں کام کر رہی ہیں۔

صائمہ محسن نے اپنی تقرری کو عزت افزائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ میں قانون کی عملداری یقینی بنانے کے مشن کو ماضی کی طرح دیانتداری کیساتھ جاری رکھیں گی۔