بھارتی یوم جمہوریہ،کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

سری نگر:مقبوضہ وادی سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارتی یوم جمہوریت کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کال پر آج لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر کے کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔

کشمیری برادری کی جانب سے یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ دنیا میں جنت نظیر خطے کے باسی 70 سال سے بھارتی غاصبانہ قبضے اور تشدد کی فضا میں سانس لے رہے ہیں، جہاں اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی افواج نے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارتی غاصبانہ قبضے کو مسترد کرتے ہوئے اپنی آزادی اور حق خود اداریت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کئی دہائیوں سے اس دن صرف مقبوضہ کشمیر میں ہی نہیں‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری بھرپور احتجاج کرتے ہیں، مظاہروں‘ جلسے جلوسوں اور سیمینارز کے ذریعے عالمی برادری کو باور کروایا جاتا ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر عالمی برادری کو گمراہ کررہی ہے۔

دوسری جانب بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر خاص طور پر سری نگر میں سخت کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور قابض بھارتی افواج نے احتجاج سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں افراد کی پکڑ دھکڑ کررکھی ہے اور متعدد علاقوں کا محاصرہ بھی کررکھا ہے۔