بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ تمنا بھاٹیا آن لائن گیمز کی تشہیر پر مشکل میں پڑگئے ہیں۔
بھارتی ریاست کیرالہ کی ہائی کورٹ نے بھارت میں مقبول آن لائن 'رمی' (کارڈ) گیم پر پابندی کے حوالے سے درخواست پر ویرات کوہلی اور تمنا بھاٹیا سمیت ریاستی حکومت اور متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کیے ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آن لائن رمی گیم نوجوانوں میں بہت مقبول ہورہی جو کہ آن لائن جوئے کی طرح ہے ، مختلف ریاستیں پہلے ہی اس پر پابندی لگاچکی ہیں اس لیے کیرالہ میں بھی اس کو بند کروایا جائے۔
خیال رہے کہ ویرات کوہلی اور تمنا بھاٹیا آن لائن رمی گیم کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں اور دونوں کے خلاف گذشتہ سال اگست میں مدراس ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی گئی تھی۔