سرینگر:مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدھ کو مجاہدین کے ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
کپوارہ قتل عام کے شہداء کی یاد میں قصبے میں مکمل ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکے رہ گئی، مجاہدین نے جنوبی کشمیرمیں کولگام ضلع میں سرینگر جموں شاہراہ پر شمسی پورہ کے قریب بھارتی فوج کی ایک پارٹی پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے۔
زخمی فوجیو ں کو سرینگر کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
حملے کے فوراً بعدبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔
دریں اثناء مقبوضہ جموں و کشمیر میں 1994 میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کپوارہ میں ہلاکت خیز قتل عام کے شہداء کی یاد میں بدھ کو کپوارہ قصبے میں مکمل ہڑتال رہی۔
قصبے کے لوگ صبح کے وقت مختلف گروپوں میں مزار شہداء پہنچے اور قتل عام کے شہداء سمیت تمام شہدائے کشمیر کے لئے خصوصی دعا کی۔
بھارتی فوجیوں نے 26 جنوری1994ء کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مکمل ہڑتال کرنے پر لوگوں کو سزا دینے کے لئے اگلے روز27 بے گناہ کشمیریوں کو اندھادھند فائرنگ کرکے بے رحمی سے شہیدکیا تھا۔