بیجنگ: چین نے تائیوان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کا مطلب جنگ ہے۔
چین نے تائیوان کے قریب فوجی مشقیں شروع کی ہیں جن کو ’آزادی کا مطلب جنگ‘ کا نام دیا گیا ہے اور ان مشقوں کے ساتھ ہی تائیوان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی افواج غیر ملکی اشتعال انگیزی اور مداخلت کے جواب میں فوجی مشقیں کررہی ہیں۔
چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے فوجی مشقوں سے متعلق ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ تائیوان چین کا اٹوٹ انگ ہے جبکہ چینی افواج کی سرگرمیاں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتہائی اہم قدم اور ملکی خودمختاری کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔
اس کے علاوہ یہ تائیوان میں بیرونی مداخلت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والی تائیوان کی آزادی کی حامی قوتوں کو واضح جواب بھی ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ تائیوان کی آزادی کے حامی عناصر کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ تائیوان کی آزادی کا مطلب جنگ ہے لہٰذا جو لوگ آگ سے کھیل رہے ہیں وہ خود جل جائیں گے۔