ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ میں اصلحان حاتون کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ گلثوم علی نے اپنے پاکستانی مداحوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ڈراما بن چکا ہے۔ پاکستانی جہاں اس ڈرامے کو بہت پسند کررہے ہیں وہیں ڈرامے کے اداکاروں کو بھی بہت محبت دے رہے ہیں۔ ڈرامے کے مرکزی کرداروں ارطغرل غازی اور حلیمہ سلطان کو تو پاکستان میں بہت زیادہ مقبولیت ملی۔ لیکن ان دونوں کرداروں کے علاوہ ڈرامے کے دیگر کرداروں نے بھی پاکستانیوں کے دلوں میں جگہ بنالی۔
ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں سے ایک کردار اصلحان حاتون کا بھی ہے۔ جو ارطغرل کے قریبی دوست ترگت کی بیوی اور ڈرامے کی دیگر خواتین کی طرح بہت بہادر اور عقلمند خاتون ہیں۔ یہ کردار ترک اداکارہ گلثوم علی نے ادا کیا ہے۔
پاکستان میں جہاں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسریٰ بلگیچ کو لوگوں نے بہت پسند کیا وہیں اصلحان حاتون کا کردار نبھانے والی اداکارہ گلثوم علی کے بھی مداح بن گئے ہیں۔ اور اب گلثوم نے اپنے پاکستانی مداحوں کے لیے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
گلثوم علی نے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیے جانے والے پیغام میں کہا ’’پاکستان میں موجود میرے تمام دوستوں اور مداحوں میرے پاس آپ سب کے لیے ایک زبردست خبر ہے۔ بہت جلد میں آپ کو یہ خبر سناؤں گی انشااللہ۔ ترکی کی طرف سے آپ سب کو ڈھیر سارا پیار۔‘‘
گلثوم علی نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا ’’ترک پاکستان دوستی زندہ باد‘‘ اور ان کی ویڈیو میں پاکستان اور ترکی کے جھنڈے بھی نظر آرہے ہیں۔
اداکارہ گلثوم علی نے ویڈیو میں یہ تو نہیں بتایا کہ ان کے پاس پاکستانیوں کے لیے کیا خبر ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق گلثوم علی معروف پاکستانی برانڈ کی ایمبیسیڈر بن گئی ہیں۔