ڈرامہ ”ڈنک“ میں نعمان اعجاز کی خودکشی نے سب کو غمزدہ کردیا

کراچی:ڈرامہ سیریل ”ڈنک“ میں پروفیسر ہمایوں (نعمان اعجاز) کی موت نے شائقین کو غمزدہ کردیا۔

 ہربدھ کے روز ڈرامہ سیریل”ڈنک“ کی نئی قسط نشر کی جاتی ہے‘ اس ڈرامے میں معاشرے کے پیچیدہ ترین ہراسانی مسئلے پر وشنی ڈالی گئی ہے۔

 ”ڈنک“ میں اداکار نعمان اعجاز پروفیسر ہمایوں کا کردار ادا کررہے ہیں جنہوں نے گزشتہ روز نشر ہونے والی قسط میں خود کشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔

 ڈرامے میں اداکار بلال عباس حیدر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اْسی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں جہاں پروفیسر ہمایوں ملازمت کرتے ہیں۔

 امل (اداکارہ ثناء جاوید) بھی اسی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں‘ جسے حیدر پسند کرتا ہے اور دونوں آپس میں رشتے دار بھی ہیں۔

 معاشرے کی باتوں‘ میڈیا ٹرائل کی وجہ سے پروفیسر ہمایوں کی اہلیہ اور بچی کو ہر جگہ ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا‘ نوبت یہاں تک پہنچ چکی تھی کہ غناء کی ٹیچر نے اْسے نفسیاتی قرار دیکر ڈاکٹر کو دکھانے کا کہا تھا۔ 

پروفیسر ہمایوں نے ان ساری باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خودکشی کا فیصلہ کیا۔

 انہوں نے اپنی اہلیہ اور بچی کو اْن کی دوست کے ہاں بھیجا اور پھر آخری پیغام لکھ کر خودکشی کرلی۔

 اپنے آخری پیغام میں پروفیسر ہمایوں نے خودکشی کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ اْن پر عائد ہونے والے بے بنیاد الزامات کی وجہ سے بچی اور بیوی کو پریشانی کا سامنا ہے‘ وہ یہ سب مزید برداشت نہیں کرسکتے‘ اس لئے دنیا سے رخصت لے رہے ہیں۔