عوام میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنانے والے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کو ختم ہوئے ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔
ڈرامے کی مقبولیت کے بعد اس کے لکھاری خلیل الرحمٰن قمر نے عندیہ دیا تھا کہ وہ ڈرامے کا سیکوئیل بھی لکھ سکتے ہیں۔
خلیل الرحمٰن قمر نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ اگرچہ وہ اپنے ڈراموں کے سیکوئیل نہیں لکھتے تاہم ’میرے پاس تم ہو‘ کا سیکوئیل لکھا جا سکتا ہے۔
بعدازاں اس کے سیکوئیل کے حوالے سے ڈرامے میں دانش کا کردار ادا کرنے والے اداکار ہمایوں سعید نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ ’اگر ان کے بغیر میرے پاس تم ہو کا سیکوئیل بنانے کی کوشش کی گئی تو وہ ایسا کرنے نہیں دیں گے‘۔
اور حال ہی میں اداکار عدنان صدیقی نے ہمایوں سعید کے ساتھ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس کے مختلف کلپ میں دونوں ساتھ موجود ہیں اور کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ کیا چل رہا ہے؟
انہوں نے پوسٹ میں سوالیہ انداز میں لکھا کہ 'دشمن دوست بن رہے ہیں؟ دانش اور شہوار صلح کررہے ہیں؟ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے قریبی دوست بن گئے ہیں؟میرے پاس تم ہو کا پارٹ 2 بن رہا ہے؟'
پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ ہمایوں سعید اور مجھ سے فوٹوشوٹ کے دوران بار بار اسی طرح کے سوالات پوچھے جارہے تھے کہ ہمیں معلوم ہورہا تھا کہ اب تک 'میرے پاس تم ہو' کو عوام کی جانب سے محبت مل رہی ہے۔
عدنان صدیقی نے لکھا کہ 'میرے پاس تم ہو سے ملنے والی ستائش کی خاطر ہم دونوں ایک نئی سیریز 'لا اور لو' میں اسکرین پر دوبارہ ساتھ نظر آئیں ےگے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'یہ نیا ڈراما، سیریل انٹرٹینمنٹ اور سکس سگما پلس کے اشتراک سے ایک زبردست کہانی سے پیش کیا جائے گا'۔
اداکار نے مزید لکھا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ 'لا اینڈ لو' کو بھی بلاک بسٹر بنائیں کیونکہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ 'میرے پاس تم ہو'۔
عدنان صدیقی نے اپنی پوسٹ میں یہ تو بتایا کہ وہ ہمایوں سعید کے ساتھ نئے سیریل میں نظر آئیں گے لیکن اپنی مبہم پوسٹ میں انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا یہ کوئی سیکوئیل ہے یا نہیں۔
انہوں نے مداحوں کو نئے سیریل کا نام بتایا ہے لیکن اس حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔