لاہور: گلوکار بلال سعید ایک اور تنازع میں گھر گئے اور ان کی جانب سے اپنے بھائی اور بھابھی پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور کے علاقے تھانہ سندر کی حدود میں سنگر بلال سعید ایک نوجوان جوڑے کے ساتھ مار پیٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس موقعے پر پولیس بھی موجود ہے جو بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کررہی ہے۔
ترجمان پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گلوکار بلال سعید کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں جس لڑکے اور لڑکی پر تشدد کر رہے ہیں وہ ان کے بھائی اور بھابھی ہیں۔
ڈولفن پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ 8جنوری کو رضا سعید کی جانب سے 15 پر کال موصول ہوئی کہ اسکی بیوی پر بلال سعید نے تشدد کیا ہے۔
ڈولفن ٹیم نمبر 110 15 کی کال موصول ہونے کے بعد موقعے پر پہنچی۔پولیس کی موجودگی میں سنگر بلال سعید نے گھر سے نکل کر اپنے بھائی کو تھپڑ دے مارا۔ بلال سعید نے اپنے بھائی رضا سعید اور اپنی بھابھی سے جھگڑا کیا۔
ترجمان کے مطابق موقعے پر موجود ڈولفن ٹیم نے فریقین کو جھگڑے سے روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈولفن ٹیم نے فریقین کو تھانہ سندر کے حوالے کر دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بلال سعید نے اپنے بھائی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دی تھی۔ فریقین کے مابین صلح ہونے پر مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ بلال سعید کے منیجر مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ اس بارے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔
اس سے قبل گلوکار کے تشدد کا نشانہ بننے والے جوڑے سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں جس میں بعض لوگ انہیں پرستار قرار دے رہے تھے تاہم پولیس ترجمان کے بیان کے بعد صورت حال واضح ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلال سعید نے ڈولفن پولیس کی موجودگی میں اپنے رشتے داروں پر تشدد کیا اور لڑکے کے ساتھ ساتھ لڑکی کو بھی بہیمانہ انداز میں لاتیں اور تھپڑ مارے۔
یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا تاہم اس کی ویڈیو اب منظر عام پر آئی ہے جو قریب ہی موجود کسی شخص نے بنائی تھی۔
سوشل میڈیا پر صارفین ایک خاتون سے اس طرح پیش آنے اور تشدد کرنے پر بلال سعید کو کڑی تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں کہ آخر کیسے بلال سعید ایک خاتون کے ساتھ ایسا سلوک کرسکتے ہیں اور ہاتھ اٹھا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بلال سعید اس سے پہلے بھی مسجد وِزیر خان میں صبا قمر کے ساتھ گانے کی ویڈیو کی ریکارڈنگ کے تنازع میں گھر چکے ہیں اور انہوں نے اس واقعے پر معافی بھی مانگی تھی۔