لندن میں چاقو کے حملوں کے متعدد واقعات، ایک شخص ہلاک، 9 زخمی 

لندن:جنوبی لندن میں چاقو کے حملے کے متعدد واقعات میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔

لندن میں چاقو کے یہ پانچ واقعات کروئیڈون، چیسل ہرسٹ اور وینڈس ورتھ میں جمعہ کی شام رونما ہوئے۔ ابھی تک کسی بھی حملے کی وجہ کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی لندن میں مزید پولیس تعینات کی جائے گی۔

 میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ جو 9 افراد زخمی ہوئے ہیں ان میں سے کسی کی حالت بھی تشویشناک نہیں ہے اور دو افراد کو حملوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

کروئیڈون میں زخمی ہونے والے دو افراد میں سے ایک شخص کی موت واقع ہو گئی جبکہ دوسرے کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بی بی سی کے مطابق ایک عینی شاہد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہاں ہر جانب خون ہی خون تھا، ایسا لگتا ہے کہ اس کی ٹانگ پر دھاری دھار چیز ماری گئی ہے اور وہ خون روکنے کی کوشش کررہے تھے۔

 وینڈز ورتھ پر چاقو کے حملے میں زخمی چار افراد خود ہی ہسپتال پہنچے جبکہ چیسل ہرسٹ میں 30سال سے زائد عمر کے دو افراد زخمی ہوئے اور وہ بھی خود ہی ہسپتال پہنچے۔اس کے علاوہ ڈنگوال روڈ پر بھی 40سال سے زائد عمر کے ایک شخص پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔متاثرہ شخص کو حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک اور 38سالہ شخص کو بھی میٹرو پولیٹن پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

گولڈ کمانڈر ایڈ ایڈلیکن نے کہا کہ ہم ان پانچوں واقعات کی تفتیش کررہے ہیں اور اپنے عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ میٹروپولیٹن پولیس نے بھی کہا ہے کہ وہ واقعات کی تفتیش کررہے ہیں اور یہ تینوں واقعات آپس میں ایک دوسرے سے منسلک نہیں ہیں۔