نصیرالدین شاہ نے کسانوں کی حمایت میں سخت بیان دے دیا

ممبئی:بالی وڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے خاموشی توڑتے ہوئے کسانوں کی حمایت میں سخت بیان دے دیا۔

 نصیرالدین شاہ کئی روز سے کسانوں کے احتجاج پر خاموش تھے لیکن اب انہوں نے خاموشی توڑ ڈالی ہے اور کسانوں کے حوالے سے بات نہ کرنے پر بالی وڈ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

 اپنے انٹرویو میں نصیرالدین شاہ کا کہناتھاکہ ظلم کے خلاف نہ بولنا بھی ظالم کی حمایت کے مترادف ہے، شدید سردی میں دھرنے پربیٹھے کسانوں کی حمایت کرنی چاہیے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہماری انڈسٹری کے بڑے بڑے نام خاموش بیٹھے ہیں کیونکہ ان کو لگتا ہے کہ ہم بہت کچھ کھو بیٹھیں گے۔

 انہوں نے انڈسٹری کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ارے بھائی جب آپ نے اتنا مال کما لیا ہے کہ 7 نسلیں بیٹھ کر کھا سکیں تو کتنا کھو دوگے آپ‘۔

نصیرالدین شاہ کا کہنا تھا کہ حالات ایسے بنا دیے ہیں کہ اگر ہم کہتے ہیں بھارتی ٹریفک قانون پر عمل نہیں کرتے تو آپ کو ملک دشمن بنا دیا جائے گا۔

 اگر کہتے ہیں کہ ہم ایک دوسرے کو برداشت نہیں کرتے تو غدار کہلائیں گے، اگر کہتے ہیں ہندی فلمیں پسند نہیں تو غدار قرار دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان جانے کا کہا جائے گا۔