سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں 18 ماہ کے طویل انتظار کے بعد بھارتی حکام نے فور جی انٹرنیٹ سروس بحال کردی ہے۔
5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کردیا تھا اور اس کے بعد فور جی انٹرنیٹ سروسز وہاں پر مستقل بند تھیں جسے آج 550 دن کے طویل وقفے کے بعد کھول دیا گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیکریٹری خارجہ شلین کبرا نے یہ حکمنامہ پانچ فروری کو جاری کیا جہاں اس دن دنیا بھر کے عوام کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انٹرنیٹ سروس کھولنے کے ساتھ ساتھ پولیس حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ اس پابندی کے ہٹنے کے بعد سرگرمیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے رہیں گے۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے شہریوں کو وہاں زمین کی ملکیت اپنے نام اور نوکریوں کے حقوق بھی دے دیئے تھے۔مقبوضہ کشمیر کے رہنما عمرعبداللہ نے دیر آید درست آید قرار دیتے ہوئے نیٹ کی بحالی کا خیرمقدم کیا ہے۔