بھارت میں بڑا گلیشیئر پھٹ گیا، سینکڑوں افراد لاپتہ

نئی دہلی:بھارت کی شمالی پہاڑی ریاست اتراکھنڈمیں بڑا گلیشیئرپھٹنے کے باعث سینکڑوں افرادلاپتہ ہوگئے ہیں اورمتاثرہ علاقوں میں سیلابی صورتحال پیداہوگئی ہے۔

اتوارکے روزنجی خبررساں ادارے ایشین نیوزانٹرنیشنل نے ریاست کے چیف سیکرٹری اوم پرکاش کے حوالے سے کہاہے کہ لاپتہ ہونیوالوں میں زیادہ تر افراد ریاست میں رشی گنگا توانائی منصوبہ پرکام کرنیوالے مزدوراورمقامی لوگ ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی اوربچاؤکی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے بھارتی بحریہ اوربھارتی فوج کوچوکس کردیاگیاہے۔

اتراکھنڈ کیوزیراعلی تریویندراسنگھ راوت نے میڈیا گروپ انڈیا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ گلیشیئرپھٹنے کے باعث رشی گنگا توانائی منصوبہ کے حصے تباہ ہوگئے ہیں۔

حادثہ میں ضائع ہونیوالی انسانی جانوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے انکار کرتے ہوئے راوت نے کہاکہ میں نے وزیراعظم نریندرامودی اور وزیرداخلہ(اندرونی سکیورٹی)امیت شاہ کو قدرتی آفت کی تفصیلات سے آگاہ کردیاہے،متاثرہ علاقہ میں اعلیٰ سطح کاانتباہ جاری کردیاگیاہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رشی گنگا توانائی منصوبہ پرکام کرنیوالے مزدوروں کی بڑی تعدادبہہ گئی۔قدرتی آفت کے بعدعلاقے میں شدید سیلابی صورتحال پیداہوگئی ہے اورپانی کومقامی دریاؤں اورنشیبی علاقوں کی ندیوں کی جانب بہنے سے روکنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

قومی آفات ردعمل فورس(این ڈی آرایف)کے ڈائریکٹرجنرل ایس این پردھان کے مطابق قدرتی حادثہ میں ایک ہائیڈروتوانائی منصوبہ تباہ ہوگیاہے۔انہوں نیمزیدکہاکہ قومی آفات ردعمل فورس کی4ٹیمیں دہلی سے جائے وقوعہ کیلئے روانہ ہوگئی ہیں۔

ٹیمیں پہلے اتراکھنڈکے صدرمقام دہرادون میں اتریں گی جہاں سے وہ متاثرہ علاقہ کیلئے مزیداڑان بھریں گی۔