دلیپ کمار کے آبائی گھر کے مالک نے 25کروڑروپے مانگ لئے

 پشاور:بھارتی فلم نگری کے لیجنڈ اداکاردلیپ کمار کے پشاور میں آبائی گھر کے مالک حاجی لال محمد نے 80لاکھ روپے میں مکان فروخت کر نے سے انکار کرتے ہوئے 25 کروڑ روپے مانگ لئے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے مکان کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے مقرر کی ہے۔

 دلیپ کمار کا گھر منہدم ہوچکا ہے اوراس کی بیرونی دیواریں ہی باقی ہیں۔

جائیداد کے مالک حاجی لال محمد کے مطابق 2005میں ان کے سسر نے ساڑھے 51لاکھ روپے میں مکان کی رجسٹری کر وائی تھی جس کی رجسٹری اور تمام ریکارڈ موجود ہے۔

رجسٹری کے وقت تمام قانونی تقاضے مکمل کرکے مکان اپنے نام منتقل کروایا تھا اور اس میں قیمت بھی درج ہے۔

انہوں نے کہا کہ 16سال بعد مکان کی قیمت 80لاکھ روپے مقررکرنا زیادتی ہے جس کا کوئی جواز نہیں کیونکہ پشاور شہر کے علاقے محلہ خداداد کی جائیداد انتہائی مہنگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر پشاور نے ابھی تک انہیں با قاعدہ طور پر بلوایا نہیں اور جب حکومت رابطہ کر یگی تو انہیں اپنی ڈیمانڈ سے با ضابطہ طور پر آگاہ کردیں گے۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے راج کپور اور دلیپ کمار کے مکانا ت کو خرید کر میوزیم بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور پشاور کی ضلعی حکومت نے دونوں گھروں کی خریداری کے لیے سیکشن فور نافذ کررکھا ہے۔

صوبائی حکومت نے دونوں مکانات خریدنے کے لیے 2کروڑ 40لاکھ روپے ڈپٹی کمشنر پشاور کو جاری کررکھے ہیں۔