چین میں موجود عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ٹیم نے کہا ہے کہ ابھی کورونا وائرس کے کسی جانور سے پھیلنے کے شواہد ابھی تک نہیں ملے۔
عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کورونا وائرس کی ابتداء کی تحقیق کیلئے چین کے شہر ووہان میں موجود ہے جہاں اس نے جانوروں کے گوشت کی خرید و فروخت والی مارکیٹ اور دیگر مقامات کا جائزہ لیا۔
اب عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے ووہان میں پریس کانفرنس کی ہے۔
ٹیم کا کہنا تھا کہ وبا پھیلنے کے بعد ماہرین کا خیال تھا کہ وائرس چمگادڑوں سے پھیلا ہے لیکن کورونا وائرس کے کسی جانورسے پھیلنے کے شواہد ابھی تک نہیں ملے۔
ٹیم نے کہا کہ وائرس کے چین کی لیب سے پھیلنے والا مفروضہ بھی خارج از امکان ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ووہان میں دسمبر 2019 سے پہلے کورونا کا کوئی کیس آنے کے شواہد بھی نہیں ملے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پہلی مرتبہ چینی شہر ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور یہ وائرس اب عالمگیر وبا کی صورت اختیار کرچکا ہے۔
اُس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کورونا کو چینی وائرس قرار دے چکے ہیں جبکہ طب کے شعبے سے وابستہ کئی افراد بھی وائرس کی وجوہات معلوم کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔